منگل 4 مارچ 2025 - 06:00
امتِ اسلام کی کامیابی کا راز اللہ پر بھروسہ ہے؛ حجت الاسلام ابوالقاسم

حوزہ/ حجت الاسلام والمسلمین محمد ابوالقاسم دولابی نے کہا ہے کہ امتِ اسلام کی کامیابی کا سب سے بڑا راز اللہ پر بھروسہ کرنا ہے اور انسان کو اپنی رائے پر نہیں بلکہ خدائی فیصلوں پر اعتماد کرنا چاہیے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجت الاسلام والمسلمین محمد ابوالقاسم دولابی نے کہا ہے کہ امتِ اسلام کی کامیابی کا سب سے بڑا راز اللہ پر بھروسہ کرنا ہے اور انسان کو اپنی رائے پر نہیں بلکہ خدائی فیصلوں پر اعتماد کرنا چاہیے۔

حرم مطہر حضرت معصومہ (س) میں قرآن کریم کی ترتیل خوانی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے سورہ بقرہ کی آیت ۲۱۶ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انسان اپنی محدود عقل کی وجہ سے نفع و نقصان کا درست اندازہ نہیں لگا پاتا۔ بعض اوقات جو چیزیں بظاہر نقصان دہ لگتی ہیں، وہ درحقیقت فائدہ مند ہوتی ہیں اور جو چیزیں پسندیدہ نظر آتی ہیں، وہ نقصان کا سبب بن سکتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ معاشرتی امور میں بھی یہی اصول لاگو ہوتا ہے۔ مثال کے طور پر، ایران پر مسلط کی گئی جنگ اگرچہ ایک مشکل آزمائش تھی، لیکن اس کے نتیجے میں ایثار و قربانی کا جذبہ پیدا ہوا، ملک دفاعی لحاظ سے مضبوط ہوا اور دشمنوں کو ایران پر دوبارہ حملہ کرنے کی جرات نہ ہوئی۔

حجت الاسلام حاج ابوالقاسم نے کہا کہ جنگ کے آغاز میں خدا کی مدد پر یقین عام نہیں تھا، لیکن جیسے جیسے حالات آگے بڑھے، عوام اور حکام نے اللہ سے مدد مانگنا سیکھا اور غیبی نصرت کا مشاہدہ کیا۔

انہوں نے خواتین کے حجاب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مغربی دنیا نے بے حجابی کی راہ اختیار کی، لیکن اس کے نتیجے میں خواتین خود شدید نقصان سے دوچار ہوئیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ انسان اپنی خواہشات کے بجائے اللہ کی ہدایت کو مقدم رکھے۔

آخر میں انہوں نے فلسطینی عوام کی مزاحمت کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگرچہ انہیں سختیاں جھیلنی پڑیں، لیکن بالآخر دنیا میں عزت و وقار حاصل ہوا اور انہوں نے کامیابی کا ذائقہ چکھا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha